بسم الله الرحمن الرحیم عرض ناشر اسلام کو دل نشیں، مدلل اور جامع انداز میں پیش کرنےکا جو ملکہ اور خداداد صلاحیت سید ابوالاعلیٰ مودودی علیہ الرحمہ کو حاصل ہےوہ محتاج بیان نہیں۔ آپ کی تصانیف و تألیفات کی ایک ایک سطر جیسی یقین آفریں اور ایمان افزا ہے، اس کا ہر پڑھا لکھا شخص معترف و مداح ہے۔ کتنے ہی بگڑے ہوئے افراد ، بوڑھے، جوان، بچے، مرد و عورت، ان تحریروں سے متاثر ہو کر اپنے سینوں کو نور ایمان سے منور کر چکے ہیں۔ ان کتابوں کی بدولت تشکیک و ریب کےمارےہوئےلا تعداد اشخاص ایمان و یقین کی دولت سےمالا مال ہوئے ہیں۔ اور کتنے ہی دہریت والحاد کے علمبردار، اسلام کے نقیب بنے ہیں۔ یوں تو اس ذہنی اور عملی انقلاب لانے میں مولانا محترم کی جملہ تصانیف ہی کو پیش کیا جا سکتا ہے لیکن ان میں سر فہرست یہ کتاب ”خطبات“ ہی ہے۔
یه کتاب دراصل مولانا کے ان خطبات کا مجموعہ ہے جو آپ نے دیہات کے عام لوگوں کے سامنے اجتماعات میں دیئے۔ان خطبات میں آپ نےاسلام کےبنیادی ارکان کو دل میں اتر جانے والے دلائل کے ساتھ آسان انداز میں پیش کیا ہےاور کمال یہ ہے کہ اس کے باوجود معیاری زبان اور ادبیت کو ہاتھ سے نہیں جانے دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کتاب کو عام و خاص، کم علم و اعلیٰ تعلیم یافتہ، ہر ایک یکساں ذوق و شوق سے پڑھتا اور اس سے فائدہ اٹھاتا ہے۔
واقعہ یہ ہے کہ اسلام کے بنیادی ارکان کو سمجھنے کے لئے ہماری زبان ہی میں نہیں بلکہ دنیا کی دوسری بلند پایہ زبانوں میں بھی اس کتاب کی نظیر نہیں ملتی۔ علم و حقانیت کا ایک ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہے جو ان صفحات میں بند کر دیا گیا ہے۔
اس کتاب کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک اس کے ۵۶ ایڈیشن طبع ہو کر ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو چکے ہیں۔ اس بلند پایہ کتاب کو اس کی شان کےمطابق اعلیٰ کتابت و طباعت میں، ایک نئے انداز، نئے سائز بہترین مضبوط جلد اور خوبصورت رنگین ٹائٹل کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امید ہے قارئین کرام اسے پسند فرمائیں گے۔
خطیب حضرات کی آسانی کے لئے کتاب کے آخر میں، خطبات جمعہ، خطبہ اولیٰ و خطبه ثانیه بزبان عربی کا اضافہ بھی کر دیا گیا ہے۔ ه ذی الحجہ ۱۴۱۹ ۲۴ اپریل ۱۹۹۶ء منیجنگ ڈائریکٹر اسلامک پبلیکیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور
| کتاب | خطبات |
|---|---|
| مصنف | مولاناابوالاعلی مودودی |
| تاریخ اشاعت | None |
| پبلشرز | ادارہ |
| ٹیگ |