نام ابوالاعلیٰ بندہ باری تعالی دارا و سکندر سے یہ مرد فقیر اعلیٰ۔۔۔ لطافتوں کا پیرایہ ، شفقتوں کا کنایہ مسکراہٹوں کا سایہ ، خواجہ مودود چشتی کا سرمایہ ، پاکیزگی کا جایا ، بندہ خاکی مگر جبریل کا ہمسایہ۔۔۔
رنگ گورا شفق بکھیرتا ہوا۔ پیشانی کشادہ و بلند گویا عالی دماغ کا احاطہ کیے ہوئے ایک استخوانی بند بحر مواج کے تلاطم جس میں نظر بند۔۔
آنکھیں بڑی بڑی اشیاء کی حقیقتوں کو دیکھتی ہو ئیں، دیکھنے سے زیادہ بولتی ہوئیں بولنے سے زیادہ سوچتی ہو ئیں ، سوچنے سے زیادہ بکھیرتی رہگذر کو منور کرتی ہوئیں۔ مت کے کاروان گم گشتہ کے لیے روشن مینار تاریخ کے نشیب و فراز کی راز دار واقف رموز و اسرار ، مستقبل ان پر آشکار، مئے توحید سے سرشار، دو گوہر آبدار۔ ان پر آویزاں چشمہ زرنگار جیسے خوبصورت فریم میں مصور کا شاہ کار۔
عزائم بلند استقامت کا کوه الوند، فلسفے، تحقیق اور تاریخ کے سیاروں پر فکر رسائی کند گفتگو شکرقتہ اللہ کی سوگند گھر جس کا نہ دلی نہ صفاہان نہ سمر قند
میٹھے بول بولنے والے پہلے لب جان ادب ۔۔۔ نہ مبالغے سے شناسا نہ جھوٹ سے آشنا سرچشمہ صدق و صفا خاموش ہوں تو رفتار زمانہ گوش بر آواز ۔۔۔ کھلیں تو خود سخن کو وجہ افتخار و ناز
شیریں دہن، چمکتے دانتوں سے مزین --- پانوں کی مسلسل رفاقت جن کے حسن کو کبھی متاثر نہ کر سکی کہ انہیں جس شخص سے نسبت تھی وہ نہ رنگ بدلنے سے آگاہ تھا نہ کسی کا رنگ قبول کرنا اس کی سرشت میں تھا نہ اللہ کے رنگ کے سوا کسی رحمہ میں اسے رنگنا ممکن تھا۔
ہونٹوں کو پیش بین آنکھوں سے ملاتی متوازن ناک، ذاتیات سے پاک ۔ کوئی شخصی یا ذاتی معاملہ اس ناک کا مسئلہ نہ بنا نہ اصول کے سوال پر یہ ناک کبھی نچی ہو سکی۔
چھرے کے شگفتہ تاثر کی حفاظت کرتی ہوئی سفید براق ڈاڑھی نہ طویل نہ قلیل
سر کے بال پٹے دار جیسے نقرئی تار۔ ڈاڑھی کے ساتھ مل کر چاند کے گرد ہالہ بناتے، جلال و جمال کو دوبالا کرتے اور اجالا پھیلاتے۔
قد میانہ سینہ چوڑا، شانے مضبوط مگر خمیدہ۔۔۔ جیسے علم و حکمت کا بوجھ اور ذمہ داریوں کا انساس پوشیدہ اک آئینہ اوصاف حمیدہ
صاحب تقسیم القرآن، بولیں تو معانی کا اک جہان‘ اٹھیں تو اک طوفان، چلیں تو صورت عبد رحمان" لکھیں تو ترجمان القرآن - - کردار میں گفتار میں اللہ کی برہان شکوہ اقبال کے قبول کا فرمان حاضر و موجود سے بیزاری کا اعلان، اس صدی کا انسان زندگی اک عرصہ امتحاں موت حیات جاوداں
ماخذ: سید مودودی مرد عصر و صورتگر مستقبل
پبلشرز: ادارہ ترجمان القرآن, ایڈیشن1
ایڈیشن:1
مصنف: مجیب الرحمن شامی
تاریخ اشاعت: Jan. 1, 1996
ریڈنگ کاؤنٹر: 56